بھٹکل:یکم نومبر (ایس اؤ نیوز ) انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل کے بی کام فائنل کے متعلم محی الدین اصباح ابن ابو محمد کھروری نے فائنل کے7مضامین میں سے 6مضامین میں صد فیصد مارکس حاصل کرتے ہوئے یونیورسٹی کی سطح پر تاریخ رقم کی ہے۔انجمن کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کی سطح پر ایسا پہلی بار ہواہے کہ کسی طالب علم نے 6مضامین میں پورے کے پورے 100نمبرات حاصل کئے ہوں۔
پریس ریلیز میں انجمن نے امید ظاہر کی ہے کہ اصباح کھروری کو یونیورسٹی کی سطح پر بھی رینک حاصل ہوگا۔ محی الدین اصباح نے Cost Accounting, Income Tax, Goods and Service Tax (GST), E-Commerce, Principles of Foreign Exchange and Service Marketingمضامین میں 100نمبرات حاصل کئےہیں۔
پریس ریلیز میں اس بات کی بھی اطلاع دی گئی ہے کہ انجمن ڈگری کالج بھٹکل کے شعبہ کنڑا کے صدر پروفیسر آر ایس نایک کے فرزند کمار شریاس نایک کو سال 2021-22 بی اے کے اکنامکس اور کنڑا زبان میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے پر یونیورسٹی کی سطح پر تین گولڈ میڈل اور ایک نقد انعام سے نواز ا گیا ہے۔
دھارواڑ میں کرناٹک یونیورسٹی کے صحن میں منعقدہ پروگرام میں ریاستی گورنر تھاور چند گہلوت نے شریاس نایک کو طلائی تمغات سے نوازتے ہوئے تہنیت کی۔ اس موقع پر انجمن حامئی مسلمین کے صدر ایڈوکیٹ قاضیامحمد مزمل ، جنرل سکریٹری اسماعیل صدیق، ایڈیشنل جنرل سکریٹری اسحاق شاہ بندری، کالج بورڈ سکریٹری ڈاکٹر ایس ایم محمد سلیم، پرنسپل پروفیسر مشتاق شیخ سمیت انجمن انتظامیہ کے عہدیداران، اراکین، اساتذہ ، غیر تدریسی عملہ وغیرہ نے مبارکباد پیش کی ہے۔